اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلیٰ خَاتَمِ النَّبِیِّیْنَ
اَمَّا بَعْدُ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
سوال نمبر 1:
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ! حضرت جی میں فلاں آپ سے مخاطب ہوں۔ میں کل اللّٰہ پاک کی رحمت سے آپ کے سلسلے میں بیعت ہوا تھا اور کل سے ہی 40 روزہ معمولات شروع کردیئے تھے اَلْحَمْدُ لِلّٰہ۔ آپ نے فرمایا تھا کہ میں اپنے باقی معمولات وتسبیحات سے آپ کو آگاہ کر دوں۔ میں آج کل پہلا کلمہ 1 تسبیح، استغفار 1 تسبیح، ’’حَسْبُنَا اللّٰهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ‘‘ 313 مرتبہ، ’’لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰهِ‘‘ 1 ہزار مرتبہ، آیتِ کریمہ 1 ہزار مرتبہ، ’’اَللّٰهُمَّ اِنَّا نَجْعَلُكَ فيْ نُحُوْرِهِمْ‘‘ 313 مرتبہ، آیت الکرسی 41 مرتبہ، ’’یَاجَبَّارُ یَاقَہَّارُ‘‘ 1 تسبیح، سورةٔ فیل 51 مرتبہ کا 40 دن کا وظیفہ شروع ہے۔ اور 24 دن باقی رہ گئے۔ آپ سے اپنے حالات کا ذکر کیا تھا، آپ میرے لئے رہنمائی فرمائیں اور آپ نے فرمایا تھا کہ جو وظیفہ کسی صاحبِ علم نے بتایا ہو، میں اس سے آپ کو آگاہ کروں۔ صرف سورةٔ فیل کا عمل زکوٰة ادا کرنے کے لئے 40 دن کے لئے شروع کیا تھا، اس عمل کے 24 دن باقی رہ گئے ہیں، اس عمل کے بارے میں رہنمائی فرمائیں، باقی تمام تسبیحات کا چونکہ آپ نے معمول نہیں بتایا تھا اس لئے چھوڑ دی ہیں۔
جواب:
سب سے پہلے تو مجھے یہ بتائیں کہ سورةٔ فیل کا جو وظیفہ ہے وہ آپ نے کس سے لیا ہے، اور کس مقصد کے لئے لیا ہے؟ وہ مقصد بتائیے۔ دوسری بات یہ ہے کہ آپ جو اتنے سارے وظائف کر رہے ہیں، ممکن ہے یہ شاید کسی عملیات کے رخ سے ہوں، تو فی الحال آپ ان کو چھوڑ دیں۔ البتہ یہ ہے کہ ان میں سے آپ تیسرا کلمہ 100 دفعہ، درود شریف 100 دفعہ، اور استغفار 100 دفعہ، یہ آپ جاری رکھیں۔ اور ہر نماز کے بعد 33 دفعہ ’’سُبْحَانَ اللّٰه‘‘، 33 دفعہ ’’اَلْحَمْدُ لِلّٰه‘‘، 34 دفعہ ’’اَللہُ اَکْبَر‘‘، 3 دفعہ کلمہ طیبہ، 3 دفعہ درودِ ابراہیمی، 3 دفعہ استغفار، 1 مرتبہ آیت الکرسی، یہ تو میں نے آپ کو بتایا ہے یہ آپ جاری رکھیں۔ اور جو 300 دفعہ تیسرے کلمے کا پہلا حصہ ’’سُبْحَانَ اللّٰهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَآ اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ وَاللّٰهُ اَکْبَر‘‘ اور 200 دفعہ ’’لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰهِ الْعَلِيِّ الْعَظِیْم‘‘ جو آپ نے شروع کیا ہے، اس کو جاری رکھیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ کو ٹائم ملے تو صبح سے لے کے دوپہر تک بغیر تعداد کے ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللہ‘‘ پڑھ سکتے ہیں، اور اس کے بعد مغرب تک درود شریف بغیر تعداد کے جتنا بھی آپ پڑھ لیں، اس کے بعد پھر استغفار بغیر تعداد کے جتنا آپ پڑھنا چاہیں پڑھ سکتے ہیں۔ لیکن یہ جو وظیفہ میں نے 300 دفعہ تیسرے کلمے کا پہلا حصہ اور دوسرا حصہ ’’لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰهِ الْعَلِيِّ الْعَظِیْم‘‘ 200 دفعہ بتایا ہے، اس کو آپ 40 دن بلاناغہ پورا کریں گے اور پھر مجھے بتائیں گے اِنْ شَاءَ اللّٰہُ الْعَزِیْز۔
سوال نمبر 2:
حضرت شیخ صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ! جیسا کہ آپ نے فرمایا تھا میں نے دوسرا وظیفہ 30 دن پورا کر لیا ہے، روزانہ کا ذکر پابندی کے ساتھ ہو رہا ہے، لیکن نظر کی حفاظت میں کوتاہی ہو رہی ہے آپ کے حکم کے انتظار میں ہوں۔
جواب:
مَاشَاءَ اللّٰہ آپ نے جو دوسرا وظیفہ پورا کیا یعنی ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ‘‘ 100 دفعہ جہری، اور ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوْ‘‘ 100 دفعہ جہری، اور ’’حَقْ‘‘ 100 دفعہ جہری اور ’’اَللّٰه‘‘ 100 دفعہ جہری۔ اگر آپ نے یہ کیا ہے تو اب ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ‘‘ 200 مرتبہ، ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوْ‘‘ 200 مرتبہ، ’’حَقْ‘‘ 200 مرتبہ اور ’’اَللّٰه‘‘ 100 دفعہ کر لیں۔ یہ ایک مہینے کے لئے ہے اور جو نظر کی حفاظت نہیں ہو رہی، اصل بات یہ ہے کہ اس کے لئے آپ سوچیں کہ ہر وقت اللّٰه تعالیٰ آپ کو دیکھ رہے ہیں اور کوئی کام میں ایسا نہیں کرنا چاہتا جو اللّٰه پاک کو ناراض کرنے والا ہو۔ بالخصوص جب آپ کی نظر کسی غیر محرم پہ پڑے تو اس کو فوراً ہٹا دیجئے اور تصور کریں کہ اگر میں نہیں ہٹاؤں گا اور اسی وقت موت آجائے تو پھر کیسی موت ہوگی۔ بہرحال یہ آہستہ آہستہ ٹھیک ہوگا اِنْ شَاءَ اللّٰہ۔
سوال نمبر 3:
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ! حضرت جی امید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گے۔ اللّٰه سبحانہٗ وتعالیٰ آپ کو صحت وتندرستی اور برکتوں والی لمبی عمر عطا فرمائے۔ حضرت جی پچھلے 3 سالوں سے رمضان مبارک کے روزے پاکستان میں اور اعتکاف کے ایام آپ کے ساتھ گزرے، اب ڈاکٹروں نے رمضان کے روزے رکھنے اور سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ اب ایسا لگتا ہے کہ ہر خیر سے دور ہوگیا ہوں، بہت رونا بھی آتا ہے کہ اس کا کس طرح تدارک کیا جائے۔ نیت تو ہے کہ رمضان میں باقی اعمال کسی طرح جاری رکھ سکوں جیسے اعتکاف میں رکھے جاتے ہیں، باقی روزے نہ رکھنے کا غم کھائے جا رہا ہے۔ آپ سے رہنمائی کی درخواست ہے۔
جواب:
اس سلسلے میں آپ ڈاکٹر عمر صاحب سے مشورہ کر لیں، آپ ان کو ساری چیزیں بتا دیں، کیونکہ وہاں کے ڈاکٹروں نے جو بتایا ہے، وہاں کے چونکہ ڈاکٹر غیر مسلم ہوں گے، اس لئے اس کے بارے میں بظاہر کوئی ایسی بات میں نہیں کہہ سکتا کہ روزے نہ رکھنے کے بارے میں ان کی بات اتنی authentic ہوگی، لیکن ڈاکٹر ہی ڈاکٹر کی بات کو سمجھ سکتا ہے۔ آپ تمام تفصیلات ڈاکٹر عمر صاحب کو بتا دیں، اس کے بعد جو مشورہ وہ دے دیں اس مشورے پہ عمل کر لیں۔ بہرحال اگر آپ کی صحت کی وجہ سے یہ ضروری ہوا تو آپ کو پورا ثواب ملے گا، آپ اس کی فکر نہ کریں۔ جب آپ صحت مند ہو جائیں تو یہ روزے رکھ لیں گے ان شاء اللّٰہ۔
سوال نمبر 4:
السلام علیکم شیخ!
Sorry to bother you. I was wondering if you could give me your advice for those questions. In terms of my personality, I am naturally very conscious and sensitive to my surroundings. For example, when it rains I feel very calm and at peace and if sometimes bad things are going to happen I can feel it. I live life in reality; meaning I am very aware of what is happening in the world which I think contributes to my stress because I am very honest with myself and I criticize everything I do. When I was young, I was bullied which made me very lonely but independent which I think is what contributes to my anxiety which is also why I am very conscious of my surroundings. I usually overthink. I think it's my body's way of preventing myself from getting hurt again like when I was a child. How do I prevent myself from getting affected by these حرام influences? I don't have motivation to do anything. I feel like there is always a restriction when I try to do something. I also have anger problems and get irritated very easily. Do you have any suggestions for a person with depression and anxiety?
جواب:
Actually there are two stages. Number one is psychological state and number two is psychiatric stage. Am I correct doctor صاحب? Yes. Okay. So if a person is in a psychological stage he can be convinced. He can be guided by lessons, by talking, by all these things which lead to understanding something. But if one has reached a psychiatric level then some medication is required and for that purpose you will have to consult a doctor. So when the doctor gives you medicine, you will come down to psychological range, then we can discuss it and then we can advise you. Otherwise, you will not understand our advice. So probably you are in psychological range I assume, if it is correct then I shall advise you to recite
’’لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰهِ الْعَلِيِّ الْعَظِیْمِ‘‘
One hundred eleven times and
’’یَا شَافِعُ، یَا قَوِیُّ، یَا سَلَامُ، یَا مَتِیْنُ‘‘
eleven times after each صلوۃ and صَلوٰۃُ عَلَی النَّبِیِّ three hundred times. After each صلوۃ you will you will recite this دعا
’’رَبِّ اَنِّیْ مَغْلُوْبٌ فَانْتَصِر‘‘
اِنْ شَاءَ اللّٰہ Allah will help you and then tell me what did you get from this اِنْ شَاءَ اللّٰہ .
سوال نمبر 5:
ایک سالکہ کا سوال آیا تھا جو کہ حضرت نے مجلس میں نہیں سُنایا، بلکہ اُس کا صرف جواب حضرت نے دیا ہے۔
جواب:
آپ کس سلسلے میں بات کرنا چاہتی ہیں، اگر عملیات کا مسئلہ ہے تو میں عامل نہیں ہوں۔ کیونکہ آپ نے بتایا ہے کہ میری ماں کا نام یہ ہے، ہم لوگ تو ماں کا نام نہیں پوچھتے، یعنی ہمیں تو اس کے ساتھ کوئی غرض نہیں ہے، یہ عاملوں کا کام ہوتا ہے۔ اور اگر کوئی Medical problem ہے تو میں ڈاکٹر نہیں ہوں، اس سلسلے میں بھی کوئی خدمت نہیں کر سکتا۔ ہاں البتہ اگر آپ اپنا تعلق اللّٰہ تعالیٰ کے ساتھ درست کرنا چاہتی ہیں یعنی اپنی اصلاح کرنا چاہتی ہیں، اور شیطان کے اثر سے دور ہونا چاہتی ہیں، اور نفس کی اصلاح کرنا چاہتی ہیں، تو اس سلسلے میں خدمت کرنے کے لئے میں حاضر ہوں اِنْ شَاءَ اللّٰہ۔
سوال نمبر 6:
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰه وبرکاتہ! حضرت جی میں جہلم سے فلاں بات کر رہا ہوں۔ اِنْ شَاءَ اللّٰہ آپ خیریت سے ہوں گے۔ حضرت جی آپ نے مجھے ذکر دیا تھا ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ‘‘ 200 مرتبہ، ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوْ‘‘ 400 مرتبہ، ’’حَقْ‘‘ 600 مرتبہ، اور ’’اَللّٰہ‘‘ ’’اَللّٰہ‘‘ 1500 مرتبہ، ایک مہینہ میں نے کیا۔ لیکن رات کو late ہو جانے کے وجہ سے چار ناغے ہوئے ہیں۔ میری رہنمائی فرما دیجیئے آگے کیا کرنا ہے؟
جواب:
ابھی آپ اس طرح کریں کہ رمضان شریف میں تو یہی جاری رکھیں۔ رمضان شریف میں ہم اس کو change نہیں کر رہے ہیں، رمضان شریف میں وظیفہ یہی کریں اور ساتھ قرآنِ پاک کی تلاوت زیادہ کریں، اور 4 باتوں کی کثرت کریں، وہ ہے: ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللہ‘‘ کی، استغفار کی، اور اللّٰه تعالیٰ سے دعا کرنے کی کہ اللّٰه تعالیٰ جنت دے اور دوزخ سے پناہ دے، یہ چار چیزوں کی کثرت کریں۔ باقی رمضان کے بعد اِنْ شَاءَ اللّٰہُ الْعَزِیْز کریں گے۔
سوال نمبر 7:
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ حضور کل میرے ذکر کو ایک ماہ مکمل ہوگیا تھا۔ ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ‘‘ 200 مرتبہ، ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوْ‘‘ 400 مرتبہ، ’’حَقْ‘‘ 600 مرتبہ، اور 2 ہزار مرتبہ ’’اَللّٰہ‘‘ ’’اَللّٰہ‘‘۔ میرے لئے کیا حکم ہے؟ حضور تمام مریضوں سمیت میرے لئے صحت یابی اور دنیا سے باایمان رخصتی کی درخواست ہے۔ اللہ پاک میرے لئے اس ذکر میں آسانی فرمائے، آمین۔
جواب:
ہم سب کے لئے یہ دعا اللّٰہ تعالیٰ قبول فرمائیں۔ بہرحال یہ ہے کہ ابھی آپ رمضان شریف کے مہینے میں تو اس کو change نہ کریں، رمضان شریف میں تو آپ یہی کریں۔ البتہ آپ قرآنِ پاک کی تلاوت بڑھا دیں، اور اگر آپ نوافل کی تعداد بڑھا سکتے ہیں تو وہ بڑھا دیں، اور صدقہ خیرات جتنا اللّٰہ تعالیٰ آپ کو توفیق دیں، وہ کریں۔ اور 4 چیزوں کی کثرت کا جیسے آپ کو پتا ہے کہ ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللہ‘‘ اور استغفار کی کثرت اور یہ دعا کہ اللّٰه تعالیٰ جنت نصیب فرمائیں اور دوزخ سے پناہ دیں۔
سوال نمبر 8:
السلام علیکم! محترم حضرت جی مراقبۂ دل 15 منٹ، اور زبانی ذکر ’’اَللّٰہ‘‘ ’’اَللّٰہ‘‘ 5 ہزار مرتبہ، آپ کو رمضان کی بہت مبارک ہو، بچوں کو اپنی دعا میں شامل رکھیں۔
جواب:
اِنْ شَاءَ اللّٰہ! آپ نے یہ نہیں بتایا کہ آپ کا دل ’’اَللّٰہ‘‘ ’’اَللّٰہ‘‘ کر رہا یا نہیں کر رہا؟ یعنی محسوس ہو رہا یا نہیں۔ بہرحال اگر محسوس نہیں ہو رہا تو زبانی ذکر کو ساڑھے پانچ ہزار کر لیں، اور اگر محسوس ہو رہا تو بتا دیجئے گا۔
سوال نمبر 9:
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ! حضرت جی جہلم سے فلاں عرض کر رہا ہوں۔
نمبر 1:
مجھے جب بھی غصہ آتا ہے تو اس سے انتقام لینے کا جذبہ بہت شدت سے پیدا ہوتا ہے جس کو ختم ہونے میں وقت لگتا ہے۔
جواب:
بس آپ اس کے تقاضے پہ عمل نہ کریں، بے شک اس میں جتنا بھی وقت لگ جائے۔
نمبر 2:
مایوسی بہت جلدی غالب آجاتی ہے۔
جواب:
اس وقت ’’لَا تَقْنَطُوْا مِنْ رَّحْمَةِ اللّٰهِ‘‘ (زمر: 53) یہ کثرت سے پڑھیں۔
نمبر 3:
جس وقت کوئی عمل رہ جائے تو اس کی وجہ سے مایوسی کا اثر دیر تک باقی رہتا ہے، جس کا اثر دوسرے اعمال پر ہونے لگتا ہے۔
جواب:
اس وقت عمل پر اثر نہ ہونے دیں اور یہ تصور کر لیں کہ جو عمل مجھ سے رہ گیا ہے یہ کس وجہ سے رہ گیا ہے، تاکہ آئندہ نہ رہے۔
نمبر 4:
میرا بیٹا اور بیٹی 10 اور 11 سال کے ہیں، ان کو دین کی باتیں سکھانے کے لئے کون سی کتابیں پڑھ کر سنا سکتا ہوں؟
جواب:
آپ try کر لیں، معلوم کر لیں، پھر مجھے بتا دیں۔ تو اِنْ شَاءَ اللّٰہ مشورہ کر لیں گے۔
سوال نمبر 10:
السلام علیکم! حضرت آپ کیسے ہیں؟ فلاں بات کر رہا ہوں۔ حضرت میں نے اپنے ذکر کا احوال آپ کو بتانا تھا۔ 200، 400، 600 اور 100۔ اور 10 منٹ تک دل سے ’’اَللّٰہ‘‘ ’’اَللّٰہ‘‘ کا مراقبہ تھا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ complete کر لیا ہے۔
جواب:
ابھی آپ نے بتایا ہے کہ محسوس نہیں ہو رہا۔ لہٰذا اب یہ ہے کہ ,200 400 ,600 اور 500 دفعہ ’’اَللّٰہ‘‘ کر لیں اور یہ 10 منٹ کا مراقبہ بھی ساتھ کریں.
سوال نمبر 11:
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ!
I pray you are in the best health! اَلْحَمْدُ لِلّٰہ I have completed four weeks consecutively.
Quietly: Hundred times third کلمہ Hundred times درود شریف hundred times استغفار.
Loudly: Hundred times ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ‘‘ hundred time ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوْ‘‘ hundred times ’’حَقْ‘‘ and hundred times ’’اَللّٰہ‘‘. Please advise for the next. Also, I have missed a lot of صلوٰۃ over the course of my life and I try to make up for them by praying one قضاء صلوٰۃ with each فرض صلوٰۃ. I want to check should I leave سنتِ مؤکدہ and other نوافل صلوۃ، تہجد، اوابین، اشراق etc to pray قضاء. Please do دعا for me that I am able to spend my رمضان in a way that please اللّٰہ سبحانہٗ وتعالیٰ and to achieve all of my goals جَزَاکَ اللہ!
جواب:
آپ اس طرح کریں کہ ابھی آپ یہی تیسرا کلمہ، درود شریف، استغفار والا تو جاری رکھیں۔ اور ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ‘‘ 200 مرتبہ، ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوْ‘‘ 200 مرتبہ، ’’حَقْ‘‘ 200 مرتبہ، اور ’’اَللّٰہ‘‘ 100 مرتبہ کر لیں۔ اور قضاء نمازوں کے لئے ایک ایک نماز پڑھنا یہ بہت اچھی بات ہے، البتہ جو باقی نوافل میں اس کو پڑھنا ہے، تو یہ ٹھیک ہے وہ کر سکتے ہیں۔ لیکن اس کو بالکل ختم نہ کریں، ورنہ پھر اس کی عادت ختم ہو جائے گی۔ نہ یہ رہے گا نہ وہ رہے گا۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ آپ اشراق کی 2 رکعات پڑھ لیا کریں، اور ساتھ مثال کے طور پر فجر کی 2 رکعات قضاء نماز پڑھ لیا کریں۔ اور اوابین بھی 6 کی جگہ 2 رکعات پڑھ لیا کریں۔ اور تہجد بھی 12 یا 8 رکعات کی جگہ 4 رکعات پڑھ کر آپ باقی قضاء نمازیں پڑھ لیا کریں۔ کیونکہ اگر آپ نے بالکل چھوڑ دیا تو پھر شیطان آپ سے اس کی عادت ہی ختم کروا دے گا، نہ وہ رہے گا نہ یہ رہے گا۔
سوال نمبر 12:
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ! حضرت جی بعض اوقات لوگ باتوں باتوں میں کبھی بہت واضح انداز میں مجھے میری محرومی کا احساس دلاتے ہیں۔ اس وقت مجھے انتہائی احساسِ کمتری کا احساس ہوتا ہے، میں خود کو بہت ہی بے قیمت محسوس کرنے لگتی ہوں، کئی دنوں تک الفاظ میرے ذہن میں رہتے ہیں۔ حضرت جی میں چاہتی ہوں کہ میں ایسی ہو جاؤں کہ لوگ مجھے میری محرومیوں کا احساس بھی دلائیں تو مجھے احساس ہی نہ ہو۔ اس کے لئے مجھے کیا کرنا چاہئے؟
جواب:
آپ ’’حَسْبُنَا اللّٰهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ نِعْمَ الْمَوْلٰى وَنِعْمَ النَّصِيْرُ‘‘ کی کثرت کیا کریں۔
سوال نمبر 13:
حضرت جی میرے دل میں آج کل کچھ اچھے لوگوں کے بارے میں اتنی زیادہ بدگمانی آتی ہے، اپنے دل کو سمجھا سمجھا کے تھک گیا ہوں، لیکن وہ بار بار بدگمانی کا کوئی راستہ نکال لیتا ہے۔ حضرت جی مجھے اندازہ بھی ہے کہ یہ شیطان کا کام ہے کہ ہمارے ساتھ جب کچھ ایسا ہوتا ہے جو ہماری طبیعت کے خلاف ہو، اور ہمیں دکھ ملتا ہے تو اس سے شیطان ہماری اس کمزور جگہ کو target بنا کر ہم پر وار کرتا ہے۔ شیطان کے وار سے خود کو کس طریقے سے بچاؤں؟ اور جب دل میں بدگمانی آجائے تو ایسا کیا عمل کروں کہ اس وقت وہ بدگمانی ختم ہو جائے؟
جواب:
اپنے دل کو سمجھائیں کہ مجھے اس کی تحقیق نہیں ہے۔ لہٰذا بغیر تحقیق میں کسی پر کیسے بدگمانی کروں، اچھے گمان کے لئے دلیل کی ضرورت نہیں، بدگمانی کے لئے دلیل کی ضرورت ہے۔
سوال نمبر 14:
حضرت آپ نے فرمایا تھا کہ سلوک کی سب سے پہلی سیڑھی مقامِ توبہ ہے، تب سے میں اپنی غلطیوں اور گناہوں پر زیادہ توجہ دینے لگی ہوں۔ پہلے غلطیاں کرتی تھی اور احساس نہ ہوتا تھا، یا بہت بعد میں ہوتا۔ حضرت اب یہ نہیں کہ میں غلطی نہیں کرتی، میں اور زیادہ کرنے لگی ہوں، پھر توبہ بھی کر لیتی ہوں اور معافی بھی مانگ لیتی ہوں۔ مگر فرق صرف یہ آیا ہے کہ اب گناہ اور احساس کے درمیان جو وقفہ ہے وہ کم ہوا ہے۔ اب مجھے جلدی احساس ہونے لگا ہے۔ حضرت جی گناہ اور احساس کے درمیان جو وقفہ ہے، کیا یہ جب ختم ہوگا تو سلوک کا پہلا مقام طے ہوگا؟ اور یہ وقفہ کیسے ختم ہو کہ گناہ سے پہلے احساس ہو جایا کرے؟ آپ اصلاح فرما دیں۔
جواب:
جیسے جیسے آپ کا شعور ذکر کے ذریعے سے بہتر ہوتا جائے گا تو آپ کو یہ احساس جلدی ہونے لگے گا۔
سوال نمبر 15:
السلام علیکم! حضرت جی میں پشاور سے آپ کی فلاں مرید بات کر رہی ہوں۔ مجھے یہ مراقبہ کرتے ہوئے تقریباً 1 سال سے زیادہ ہوگیا ہے، یعنی پہلے 5، 5 منٹ پانچوں لطائف پر مراقبہ کرنا ہے اور پھر 15 منٹ مراقبۂ معیت کرنا ہے۔ پھر یہ تصور کرنا ہے کہ اللّٰه ہر وقت میرے ساتھ ہیں اور میری شاہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہیں۔ اور وہ کس طرح میرے ساتھ ہیں؟ وہی جانتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ نے ہدایت بھی دی تھی کہ ہر وقت چلتے پھرتے بھی دعائیں کرتے رہنا، اور فرضِ عین تعلیم حاصل کرنا، اور عمل بھی کرنا ہے۔ آپ نے یہ بھی فرمایا تھا کہ ایسا کام کرو جس سے اللّٰه خوش ہو جائیں۔ یہ سب کچھ تو کر رہی ہوں، لیکن ٹھیک طرح سے پابندی کے ساتھ نہیں کر پا رہی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ میری صحت ہر وقت خراب رہتی ہے، ہمیشہ مجھے کوئی نہ کوئی مسئلہ رہتا ہے۔ جس کی وجہ سے میں ڈپریشن کا شکار بھی ہوگئی ہوں، اور ڈپریشن کے لئے بھی دوائی کھا رہی ہوں۔ ہر وقت اللّٰه سے دعائیں کرتی ہوں کہ یا اللّٰه میرے سے کچھ صحیح نہیں ہو رہا، سب کچھ بگڑ گیا، اب تیرے ہی فضل سے تیرے ہی در پر حاضر ہوں، تو میری بگڑی بنا دے، مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہی۔ میں سخت پریشان ہوں۔ دوسرا ہر وقت مجھے یہ خیال بھی رہنے لگا ہے کہ میں تو بڑی نیک ہوں، بہت اچھی ہوں، لیکن ان باتوں کی طرف دھیان نہیں دیتی بلکہ بہت زیادہ پریشان ہوجاتی ہوں، اور فوراً ہی اپنے غلطی اور کوتاہی یاد کرتی ہوں کہ میں تو اتنی غلطیاں کرتی ہوں، اتنی گناہ گار ہوں، مجھ میں اتنی کمی ہے، میں تو کچھ بھی نہیں ہے، کیونکہ میں جانتی ہوں کہ ایک ایسی سوچ آنا بہت خطرناک ہے۔ کمیاں کچھ ہوتیں تو مجھے ایسے خیالات کبھی نہ آتے، میری کوئی اوقات نہ ہوتی، جب ہی مجھے ایسے خیالات آتے ہیں، ہر وقت نفس کے ساتھ میری جنگ ہوتی رہتی ہے، میرے دل میں ایسے خیالات آتے رہتے ہیں، لیکن میں ہمیشہ اپنے خیالات کی نفی کرتی ہوں اور اپنی غلطیوں اور گناہوں کی یاد کرتی ہوں۔ اللّٰه سے ہر وقت دعا کرتی ہوں کہ یا اللّٰه! مجھ سے میرے نیکی چھپا دے اور میرے گناہ مجھ پر واضح کر۔ پھر اگر مجھ سے کوئی غلطی ہوجاتی ہے تو میں فوراً توبہ تو کرتی ہوں، لیکن نفس سے کہتی ہوں کہ یہ تیری اوقات ہے، تجھ سے تو اتنے گناہ ہوئے ہیں۔ حضرت جی سے درخواست ہے کہ میرے لئے آسانی کی دعا کریں، ہر وقت tension میں رہتی ہوں، کچھ بھی ٹھیک سے نہیں ہو پا رہا۔
جواب:
اللّٰه تعالیٰ آپ کے ساتھ آسانی کا معاملہ فرمائے، اس کو ادھیڑ پن کہتے ہیں۔ اور یہ ادھیڑ پن بالکل صحیح چیز ہے، اسی میں تو انسان رہتا ہے، یہی تو ہماری پوری زندگی کا سبق ہے کہ ہمیں مختلف حالتوں کا سامنا رہتا ہے۔ جیسے کہتے ہیں: ’’اَلْاِیْمَانُ بَیْنَ الْخَوْفِ وَالرَّجَاءِ‘‘ ایمان خوف اور رجاء کے یعنی امید کے درمیان ہے۔ لہٰذا کبھی یہ حالت غالب ہوتی ہے تو اس طرف درمیان میں آنا پڑتا ہے، کبھی وہ حالت غالب ہوتی ہے تو پھر درمیان میں آنا پڑتا ہے، تو اس طرح اوپر نیچے ہوتا رہتا ہے، اس میں کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے۔ آپ یہ دعا کثرت سے پڑھیں: ’’حَسْبُنَا اللّٰهُ وَنِعْمَ الْوَكِيْلُ نِعۡمَ الْمَوْلٰی وَنِعْمَ النَّصِیْرُ‘‘ گناہوں سے بچنے کے لئے استغفار کی کثرت کریں، اور جو آپ کو بتایا ہے اسی پہ عمل جاری رکھیں، رمضان شریف میں تو بس زیادہ تر قرآنِ پاک کی تلاوت اور جو کچھ آپ کو بتایا یہی کرتی رہیں۔ اِنْ شَاءَ اللّٰہ پھر رمضان کے بعد بات ہوگی۔
سوال نمبر 16:
السلام علیکم! اللّٰہ پاک سے حضرت کی اچھی صحت اور لمبی عمر کے لئے ہمیشہ دعاگو ہوں۔ میرے گھر کے حالات سے آپ بخوبی واقف ہیں کہ Joint family ہے، اور ہر کسی کو سمجھانا بہت مشکل ہے، اوپر سے بڑے بھائی کی وجہ سے قرضے چڑھ گئے ہیں۔ اب گھر کے حالات اور بھی خراب ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے آپ حضرت سے رابطہ نہ ہو سکا۔ اپنی سستی پر نادم ہوں، اس پر استغفار اور آئندہ کے لئے اِنْ شَاءَ اللّٰہ اپنے معمولات پر پابندی سے عمل کرنے کی کوشش کروں گا آمین۔
جواب:
جی بالکل یہ کوشش جاری رکھیں، سستی کا علاج چستی ہے اور غفلت سے نکلنا انسان کے لئے بہت ضروری ہے۔
سوال نمبر 17:
السلام علیکم! میرا نام فلاں ہے۔ میرا ذکر 200، 400، 600 اور 500 ہے ایک ماہ مکمل ہوگیا ہے، میری رہنمائی فرمائیں۔
جواب:
آپ ایک ماہ کے لئے 200، 400، 600 اور ہزار مرتبہ کر لیں۔
سوال نمبر 18:
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰه وبرکاتہ! حضرت مزاج بخیر بندہ کو جو ذکر دیا تھا اس کا ایک مہینہ پورا ہوگیا ہے۔ اور وہ یہ ہے 200، 400، 600 اور 500 اور مراقبۂ شانِ جامع 15 منٹ، اس کا اثر محسوس ہو کہ گناہ سے نفرت ہو، اگر ہو جائے تو ایک قسم کا قلبی خلجان ہوتا ہے۔ اور صرف ایک دن ناغہ ہوا، ذکر کرنا بھول گیا۔
جواب:
مَاشَاءَ اللّٰہ اس کو فی الحال جاری رکھیں اور رمضان شریف میں تلاوتِ قرآنِ پاک کی کثرت کریں۔ اور جو 4 چیزیں ہیں ان کی بھی کثرت کریں، اللّٰه تعالیٰ سے تعلق رکھنے کے لئے جو دعائیں مناجاتِ مقبول میں ہیں، ان کو توجہ کے ساتھ مانگ لیا کریں۔
سوال نمبر 19:
السلام علیکم ورحمۃ اللّٰه وبرکاتہ!
نمبر 1:
تمام لطائف پر 10 منٹ ذکر اور مراقبۂ معیتِ دعائیہ 15 منٹ، ہر وقت اور ہر موقع پر اللّٰه تعالیٰ کی معیت کا ادراک ہوجاتا ہے۔ تہجد کے لئے اٹھتی ہوں تو شیطانی وساوس کی کوئی پروا نہیں کرتی، اللّٰہ تعالیٰ کی معیت کا یقین ہوتا ہے، اس لئے اطمینان سے عبادت میں مشغول رہتی ہوں۔ جب دعا کرتی ہوں تو بہت استغاثہ اور خشوع وخضوع کے ساتھ دعا کرتی ہوں، اور یہ خیال آتا ہے کہ شاید اللّٰہ تعالیٰ کی شان میں ہو، جس کی وجہ سے لمبی دعائیں مانگتی ہوں، بزرگانِ دین کی دعاؤں کو یاد کرتی ہوں۔
جواب:
مَاشَاءَ اللّٰہ اچھا حال ہے۔ رمضان شریف میں یہ جاری رکھیں، کیونکہ رمضان شریف میں اس کی بڑی ضرورت ہے۔ اللّٰه تعالیٰ ہمیں صحیح رمضان شریف کے اعمال نصیب فرمائیں۔
نمبر 2:
لطیفۂ قلب 10 منٹ، لطیفہ روح 10 منٹ، لطیفہ سر 15 منٹ محسوس ہوتا ہے۔
جواب:
ان کو اگلا وظیفہ دے دیں۔
نمبر 3:
لطیفۂ قلب 10 منٹ، لطیفۂ روح 15 منٹ، محسوس ہوتا ہے۔
جواب:
ان کو بھی اگلا دے دیں۔
نمبر 4:
یہ بچی تیسرا کلمہ 300 مرتبہ پڑھتی ہے۔ یہی پڑھتی رہے یا کوئی اور ذکر بھی کر دیں؟
جواب:
اب وہ اس طرح کریں کہ 300 دفعہ تیسرے کلمے کا پہلا حصہ، اور 200 مرتبہ ’’لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰهِ‘‘ اس طریقے سے ان کو کر دیں۔
سوال نمبر 20:
السلام علیکم! محترم شاہ صاحب اللّٰہ تعالیٰ خیر وعافیت والی زندگی عطا فرمائیں آمین۔ حضرت آپ صاحب کا دیا ہوا ذکر تیسرا کلمہ، درود شریف اور استغفار 100، 100 دفعہ ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ‘‘ 200، ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوْ‘‘ 400، ’’حَقْ‘‘ 600 اور ’’اَللّٰه‘‘ 7 ہزار مرتبہ، مراقبہ 5 منٹ اللّٰہ تعالیٰ رحمت کی نظر سے دیکھ رہے ہیں، جناب مہینہ پورا ہوا۔
جواب:
مَاشَاءَ اللّٰہ! آپ اس طرح کریں کہ جو 5 منٹ ہیں اس کو 10 منٹ کر لیں اور باقی رمضان شریف کے معمولات میں قرآن شریف کی تلاوت اور جو 4 چیزوں کی کثرت ہے وہ عمل کریں، اور باقی لوگوں کو بتائیں۔
سوال نمبر 21:
السلام علیکم! حضرت لاہور سے فلاں عرض کر رہا ہوں۔ میرا ذکرِ جہری ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ‘‘ 200 مرتبہ، ’’لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوْ‘‘ 400 مرتبہ، ’’حَقْ‘‘ 600 مرتبہ کے ساتھ ’’اَللّٰہ‘‘ ’’اَللّٰہ‘‘ 11 ہزار مرتبہ، اس کو اَلْحَمْدُ لِلّٰہ مہینہ ہونے والا ہے۔ گزشتہ ماہ آپ نے ذکر نہیں بڑھایا تھا۔ حضرت کبھی کبھی ذکر میں دھیان لگنے پر سینے میں ہلکی سی حرارت محسوس ہوتی ہے، حضرت آپ سے رمضان اور اعتکاف کے لئے دعا اور مزید رہنمائی کی درخواست ہے۔
جواب:
مَاشَاءَ اللّٰہ یہ بڑی اچھی بات ہے، ذکر کا اثر ہے۔ اور آپ رمضان شریف کے معمولات سمیت فی الحال یہی ذکر جاری رکھیں، کیونکہ رمضان شریف میں قرآنِ پاک کی تلاوت کی کثرت مسنون ہے۔ اور مَاشَاءَ اللّٰہ جو نفلی اعمال ہیں، جیسے تہجد ہے اور جن 4 چیزوں کی کثرت رمضان میں ہوتی ہے، ان کو بھی ساتھ شامل کر لیں۔
سوال نمبر 22:
السلام علیکم! حضرت آپ نے مجھے ایک مہینے کے لئے 20 منٹ کا مراقبہ دیا ہے، یہ تصور کرنا کہ میرا دل اللّٰہ کو محسوس کر رہا ہے۔ لیکن ابھی تک مجھے کچھ بھی محسوس نہیں ہوا۔
جواب:
ابھی اس کو پورے رمضان شریف میں جاری رکھیں، رمضان شریف کے بعد اس کو دیکھیں گے۔ لیکن رمضان شریف کے معمولات میں بھی توجہ فرمائیں، فی الحال تو یہی کافی ہے اِنْ شَاءَ اللّٰہ، اللّٰہ جل شانہٗ عمل کی توفیق عطا فرمائیں۔
وَاٰخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ